اکاؤنٹ سے 28 لاکھ روپے نکل گئے،  شہری کو بینک سے بروقت میسج آیا نہ الرٹ!

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کی رقم واپس منتقل کروادی

شہری کے اکاؤنٹ سے 28 لاکھ روپے سے زائد رقم نکلنے پر بھی بینک کی جانب سے بروقت کوئی میسج ملا اور نہ  ہی کوئی الرٹ۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک سے متعلق ایک شکایت پر  متاثرہ شہری کی مکمل رقم بازیاب کروا لی۔

شکایت کنندہ نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ ان کے اکاؤنٹ سے 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب مختلف آئی بی ایف ٹیز اور راست پیمنٹس کے ذریعے 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے ان کی مرضی کے بغیر نکلوا لیے گئے۔

مذکورہ لین دین کے حوالے سے موبائل پر بینک کی جانب سے کوئی الرٹ موصول نہ ہونے کی وجہ سے شہری بروقت اس فراڈ سے آگاہ نہ ہو سکے۔ شکایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے بینک حکام سے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا۔

مکمل چھان بین اور شواہد کی روشنی میں بینک انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے متاثرہ شہری کی مکمل رقم 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے نجی بینک کی جانب سے بازیاب کروا کر شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ میں واپس منتقل کروا دی گئی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ  شہری مالیاتی اور بینکاری فراڈ سے ہوشیار رہیں۔  کسی بھی مشکوک لین دین یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔

Load Next Story