آبنائے ہرمز میں بڑھتے خطرات، بھارت نے اپنے بحری عملے کی تعیناتی پر پابندی لگا دی
نئی دہلی: آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بھارت نے اپنے بحری عملے کی حفاظت کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شپنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ آئندہ حکم تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر بھارتی شہریوں کو تعینات نہ کریں۔
بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم تمام جہاز مالکان، شپ مینیجمنٹ کمپنیوں اور آر پی ایس ایل کمپنیوں پر لاگو ہوگا۔
بھارتی حکام نے بحری کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور قریبی سمندری علاقوں میں غیر معمولی احتیاط برتیں اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔
اعلامیے کے مطابق تمام بحری آپریٹرز کو بین الاقوامی آئی ایس پی ایس کوڈ پر سختی سے عمل کرنے، تازہ ترین سکیورٹی ایڈوائزریز پر نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع آئی ایف سی-آئی او آر اور ڈی جی کمیونیکیشن سینٹر کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے مسائل اور تجارتی جہازوں پر حالیہ حملوں کے بعد عالمی شپنگ انڈسٹری شدید دباؤ کا شکار ہے، جس کے باعث مختلف ممالک اپنے شہریوں اور بحری عملے کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات کر رہے ہیں۔