سندھ حکومت کا صوبائی اسپورٹس پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

18ویں آئینی ترمیم کے بعد کھیل صوبائی موضوع ہے، اسی تناظر میں سندھ حکومت جامع اسپورٹس پالیسی مرتب کر رہی ہے، وزیر کھیل

سندھ حکومت نے صوبائی اسپورٹس پالیسی متعارف کرانے، سندھ یوتھ کارڈ کے اجراء کا عمل تیز کرنے اور سندھ اسپورٹس بورڈ کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر  صدارت اہم اجلاس میں متعلقہ امور پر تفصیلی  بریفنگ دی گئی۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے 30 اضلاع کے 15 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اسکالرشپس، بلا سود قرضے، مالی معاونت، عالمی معیار کی اسکلز ٹریننگ اور سفری سہولیات میں رعایات فراہم کی جائیں گی۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ یوتھ کارڈ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اسپورٹس پالیسی کے ذریعے کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی فلاح اور کھیلوں کے انفرااسٹرکچر کی توسیع کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی تنظیموں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار متعین کرنے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں  کھیلوں کی سرگرمیاں ازسرنو فعال کی جائیں گی، 18ویں آئینی ترمیم کے بعد کھیل صوبائی موضوع ہے، اسی تناظر میں سندھ حکومت جامع اسپورٹس پالیسی مرتب کر رہی ہے۔

وزیر کھیل نے کہا کہ سندھ اسپورٹس پالیسی منظوری کے لیے سندھ کابینہ میں پیش کی جائے گی جس کے بعد اسے نافذالعمل بنایا جائے گا۔

اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور مہیسر، ڈائریکٹر ڈاکٹر اسد اسحاق، چیف انجنیئر اسلم مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

Load Next Story