فیفا ورلڈکپ: 19 سال قبل میسی کے ہاتھوں نہانے والا بچہ فائنل میں ان کا حریف بننے کو تیار

حیران کن طور پر اس فوٹو شوٹ کے لیے لامین یامال کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوا تھا

لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کی تقریباً دو دہائیوں پرانی تصاویر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

یہ تصاویر 2007 میں اس وقت لی گئی تھیں جب چھ ماہ کے لامین یامال نے خیراتی مہم کے تحت ایف سی بارسلونا کے ایک فوٹو شوٹ میں شرکت کی تھی جہاں نوجوان میسی نے انہیں پلاسٹک کے ٹب میں نہلاتے ہوئے تصاویر بنوائیں۔

یہ فوٹو شوٹ یونیسیف، بارسلونا کے مقامی اخبار اور ایف سی بارسلونا کی مشترکہ فلاحی مہم کا حصہ تھا۔

حیران کن طور پر اس فوٹو شوٹ کے لیے لامین یامال کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوا تھا جبکہ ان کی والدہ بھی ان تصاویر میں موجود تھیں۔

فوٹوگرافر کے مطابق شوٹ کے بعد ان کے ایک دوست نے مذاق میں کہا تھا کہ ’میسی نے اس دن گویا اس بچے کو برکت دے دی تھی‘۔

اب 19 سال بعد یہی بچہ عالمی فٹبال کا ابھرتا ہوا ستارہ بن چکا ہے جبکہ میسی کو تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے جس کے باعث یہ تصاویر شائقین کے لیے مزید دلچسپی کا باعث بن گئی ہیں۔

اتوار کو فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان بڑے مقابلے میں لیونل میسی اور لامین یامال ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔

اس دلچسپ منظر کو شائقین فٹبال ماضی اور مستقبل کی علامتی ملاقات قرار دے رہے ہیں۔

Load Next Story