راولپنڈی: آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے 9 خصوصی چیک پوسٹیں قائم

پولیس کو 24 گھنٹے سیکیورٹی اور نگرانی کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں

راولپنڈی میں آٹے اور گندم کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے محکمہ خوراک نے سخت اقدامات کرتے ہوئے ضلع بھر میں 9 خصوصی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر صالح مغل کی ہدایت پر قائم کی جانے والی ان چیک پوسٹوں پر پولیس کو 24 گھنٹے سیکیورٹی اور نگرانی کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ہر چیک پوسٹ پر 12، 12 گھنٹے کی دو شفٹوں میں نفری تعینات ہوگی۔ ہر شفٹ ایک سب انسپکٹر کی نگرانی میں ایک اے ایس آئی، تین مسلح اہلکاروں اور کمیونیکیشن سیٹ پر مشتمل ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

محکمہ خوراک کی چیک پوسٹیں پوٹھوہار ڈویژن میں تھانہ صدر واہ کے علاقوں براہمہ باہتڑ موڑ اور سٹی فلور مل، تھانہ ٹیکسلا کے علاقوں پسوال نزد سنگجانی انٹرچینج، گانگو بہادر اور فاروقیہ ٹیکسلا، جبکہ تھانہ ایئرپورٹ کے علاقوں موٹر وے ایم ون انٹرچینج اور فتح جنگ انٹرچینج پر قائم کی گئی ہیں۔ صدر ڈویژن میں تھانہ کہوٹہ کے علاقے بیور اور تھانہ کلر سیداں کے علاقے منگال بائی پاس پر بھی خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

پولیس ڈیوٹی کی نگرانی کے لیے پوٹھوہار ڈویژن کی سات چیک پوسٹوں کی سپرویژن ایس پی پوٹھوہار سردار بابر ممتاز کے سپرد کی گئی ہے جبکہ ڈی ایس پی ٹیکسلا ملک ارشد انچارج ہوں گے۔ صدر ڈویژن کی دو چیک پوسٹوں کی نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی اور ڈی ایس پی کہوٹہ وقار عظیم انچارج کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

احکامات کے مطابق ہر چیک پوسٹ پر محکمہ خوراک کا عملہ موجود ہونا لازمی ہوگا، بصورت دیگر وہاں پولیس ڈیوٹی تعینات نہیں کی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں کو مکمل کٹ اور بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بغیر نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی۔

ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی گاڑی کو سڑک پر بلاوجہ کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور تمام اہلکاروں کو موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے، ایک جگہ اکٹھا نہ ہونے اور حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی بریفنگ دی جائے۔

چیک پوسٹوں کی مجموعی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی ملک طارق محبوب کریں گے، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے سپرد ہوگی۔

Load Next Story