راولپنڈی: نالہ لئی سے ملنے والی لاش ایک آستانے کے پیر کی نکلی
راولپنڈی میں چند روز قبل نالہ لئی سے بوری بند ملنے والی لاش کے معمہ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاش کی شناخت ہو گئی ہے اور ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نالہ لئی سے ملنے والی بوری بند لاش تھانہ سٹی کی حدود میں قائم ایک آستانے کے پیر عباس رضا کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس رضا کو مبینہ طور پر مکان پر قبضہ کرنے کی خاطر قتل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ زیادہ تر چٹیاں ہٹیاں کے علاقے میں موجود رہتے تھے اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر مکان پر قبضے کی نیت سے پہلے عباس رضا کو قتل کیا، پھر لاش کو بوری میں بند کرکے گوالمنڈی کے قریب نالہ لئی میں پھینک دیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔