امریکی گلوکارہ ریلین کا 10 سالہ شادی کے بعد اپنے فوجی شوہر سے طلاق کا فیصلہ
امریکی گلوکارہ ریلین نے اپنے شوہر جوش ڈیوس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے شادی کے تقریباً ایک دہائی بعد طلاق کی درخواست دائر کردی ہے۔ اس خبر کی تصدیق خود گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام کے ذریعے کی۔
32 سالہ ریلین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ انہوں نے طویل غور و فکر کے بعد کیا ہے اور ان کے لیے یہ آسان نہیں تھا۔ انہوں نے مداحوں اور میڈیا سے درخواست کی کہ اس ذاتی معاملے پر غیر ضروری قیاس آرائیوں یا تبصروں سے گریز کیا جائے اور ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں ناقابلِ مصالحت اختلافات کو علیحدگی کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریلین اور جوش ڈیوس کی ایک چار سالہ بیٹی بھی ہے۔
جوش ڈیوس ماضی میں امریکی فوج سے وابستہ رہ چکے ہیں اور بعد ازاں مالیاتی امور کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ دونوں نے 2016 میں شادی کی تھی اور اس وقت ان کی ازدواجی زندگی کو ہالی ووڈ کے نسبتاً مستحکم رشتوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
یاد رہے کہ ریلین نے 2017 میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے شوہر کی فوجی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملازمت کی نوعیت کی وجہ سے وہ بعض اوقات خودغرض محسوس ہوتے ہیں، تاہم انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ انہیں اپنے شوہر کی خدمات اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر فخر ہے۔ اب 10 سال بعد دونوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔