’رجب بٹ کون ہیں؟‘ فہد مصطفیٰ سے تنازع پر وسیم عباس کا مؤقف وائرل

وسیم عباس کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ اور اداکار فہد مصطفیٰ کے درمیان حالیہ تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد ان کا بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین کی جانب سے اسے متوازن مؤقف قرار دیا جا رہا ہے۔

وسیم عباس، جو پاکستان کے معروف ٹی وی اور فلمی اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہے ہیں، حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے۔ گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے فہد مصطفیٰ اور رجب بٹ کے درمیان اس تنازع پر سوال کیا، جو فہد مصطفیٰ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا تھا کہ فیملی وی لاگرز ’اپنے خاندان کو فروخت کرتے ہیں‘۔

اس سوال کے جواب میں وسیم عباس نے کہا کہ ’رجب بٹ کو کون جانتا ہے؟ فہد مصطفیٰ پاکستان کے بڑے ہیروز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ انڈسٹری کی سب سے کامیاب شخصیات میں سے ایک ہیں۔ اگر کوئی فہد مصطفیٰ کو نہیں جانتا تو شاید وہ جنگل میں رہتا ہوگا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شرط لگا سکتے ہیں کہ انہوں نے آج تک رجب بٹ کی ایک بھی ویڈیو یا کلپ نہیں دیکھی۔

وسیم عباس نے کہا کہ فہد مصطفیٰ کی شہرت صرف ڈراموں یا فلموں تک محدود نہیں بلکہ ’جیتو پاکستان‘ کی بدولت وہ ملک بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ رجب بٹ یوٹیوب کی دنیا میں یقیناً ایک بڑے اسٹار ہیں اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

سینئر اداکار نے دونوں شخصیات کے مؤقف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ کو بھی فیملی وی لاگرز کے بارے میں ایسا سخت بیان نہیں دینا چاہیے تھا، لیکن اگر انہوں نے ایسا کہا بھی تو رجب بٹ کو اس کا جواب زیادہ نرم اور مہذب انداز میں دینا چاہیے تھا۔

Load Next Story