اسرائیل کے جنگ بندی معاہدے کے باجود غزہ پر حملے جاری، مزید 5 فلسطینی شہید

غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے فضائی اور زمینی حملے کیے گئے، وزارت صحت

فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ پر حملے جاری ہیں اور تازہ حملے میں مزید 5 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ غزہ میں فضائی اور زمینی حملے کیے گئے، جس میں غزہ سٹی کے علاقے طفہ میں فضائی حملہ بھی شامل ہے جہاں دو افراد شہید ہوئے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ بستی پر ہونے والی بم باری میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، چوتھا فلسطینی غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ سے شہید ہوا اور پانچواں خان یونس کے جنوبی حصے میں کار پر حملے میں شہید ہوا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے باوجود غزہ پر صہیونی حملے جاری ہیں جبکہ اس جنگ بندی پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں اور جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں میں اب تک 1100 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ میں اس وقت بھی انسانی بحران جاری ہے اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ تک امداد پہنچانے کے راستے بند کیے گئے ہیں اور امدادی کارکنوں کے داخلے پر بدستور پابندی ہے جو بذات خود جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ معاہدے کے تحت غزہ کی تعمیر نو میں 10 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے اور لاگت 70 ارب ڈالر سے زائد آسکتی ہے جبکہ اسرائیل میں انتخابات سے قبل تعمیر نو کا کام شروع ہونے کے امکانات نظر نہیں آتے جبکہ انتخابات کے بعد بننے والے اسرائیل کے نئے وزیراعظم کی جانب سے بھی کام فوری طور پر شروع کیے جانے کی توقعات کم ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کے قتل و غارت اور لاکھوں کو زخمی اور بے گھر کرنے کے باوجود حماس کو ختم کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوا ہے اور اسی طرح امریکا کے ساتھ ایران پر حملوں کے بعد اسرائیل کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔

Load Next Story