ٹرمپ کا دعویٰ جھوٹا نکلا؟ ایران نے امریکی خاتون قیدی کی رہائی کی خبر مسترد کر دی
تہران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تہران نے ایک امریکی خاتون قیدی کو خیرسگالی کے جذبے کے تحت رہا کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر آئی بی کے مطابق ایران کی عدلیہ کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی امریکی قیدی کو نہ رہا کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی قیدی کے تبادلے کا کوئی معاملہ پیش آیا ہے۔
عدلیہ کے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے۔ بیان کے مطابق متعلقہ اداروں کی تحقیقات میں ایسا کوئی ریکارڈ نہیں ملا جو ٹرمپ کی جانب سے بیان کی گئی تفصیلات یا کسی امریکی قیدی کی رہائی سے مطابقت رکھتا ہو۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کے دور میں 2024 میں گرفتار کی گئی ایک امریکی خاتون کو ایران نے رہا کر دیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکا ایران کے اس اقدام کو خیرسگالی کا اظہار سمجھتا ہے اور اس کی قدر کرتا ہے۔
تاہم ایرانی عدلیہ کے ذرائع نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ کسی امریکی شہری کو ایرانی جیلوں سے رہا کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ عمل میں آیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی رابطوں کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث مختلف دعوؤں کی آزادانہ تصدیق کرنا اہمیت اختیار کر گیا ہے۔