حکومت سندھ کا یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ

ریڈ لائن بی آر ٹی کی تکمیل سے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا، شرجیل میمن

کراچی:

سندھ حکومت نے کراچی میں یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین کو جلد کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کام اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس کراچی زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس اور متعلقہ اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اجلاس میں منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، درپیش امور اور ان کے فوری حل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، مختلف سیکشنز پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اہم اور انقلابی سفری منصوبہ ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہٰذا تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہتر، محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی کی تکمیل سے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ

Load Next Story