سیکیورٹی فورسز کی بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں، 24 خوارج ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 24 خوارج ہلاک کردیے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکش بم دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج" سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج ہلاک کر دیے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان گھناؤنے اور بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی، معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں، خصوصاً بنوں میں پولیس اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور ایسے حملوں میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بنوں میں فتنہ الہندوستان کے 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔
انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ہمارے سر کا تاج اور اصل ہیرو ہیں، بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جری سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے، جبکہ بنوں آپریشن کی کامیابی ارضِ وطن کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔