خلیجِ عدن میں مسلح افراد نے کیمیکل ٹینکر پر قبضہ کر لیا، بحری سلامتی پر نئے خدشات

جہاز کی ملکیت یا اس پر لہرانے والے قومی پرچم کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی

عدن: خلیجِ عدن میں یمن کے جنوبی ساحل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک کیمیکل ٹینکر پر قبضہ کر لیا، جس کے بعد خطے میں بحری سلامتی کے حوالے سے نئے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بحری سلامتی کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جمعہ کے روز نامعلوم مسلح افراد نے "اسانا" نامی کیمیکل ٹینکر پر سوار ہو کر جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹینکر اس وقت یمن کے جنوبی ساحل کے قریب خلیجِ عدن سے گزر رہا تھا۔ جہاز کی ملکیت یا اس پر لہرانے والے قومی پرچم کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے نظام کے مطابق کیمیکل ٹینکر صومالیہ کے شہر بوساسو کی بندرگاہ کی جانب روانہ تھا، جب اس پر قبضے کا واقعہ پیش آیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ آور کون تھے، ان کا مقصد کیا تھا یا جہاز کے عملے کی موجودہ صورتحال کیا ہے۔ کسی گروہ نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

بحری سلامتی کے ماہرین کے مطابق خلیجِ عدن عالمی تجارتی جہاز رانی کا ایک انتہائی اہم راستہ ہے، جہاں ماضی میں قزاقی، مسلح حملوں اور تجارتی جہازوں پر قبضے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بحری راستوں کی سکیورٹی پہلے ہی عالمی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

Load Next Story