کراچی پورٹ کا ایک اور اعزاز، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ہزار الیکٹرک گاڑیاں پہنچ گئیں

گاڑیوں کی درآمد کے لیے پہلی مرتبہ رول آن رول آف سہولت سے لیس بحری جہاز پورٹ پر لنگر انداز ہوا

فوٹو: اسکرین گریب

کراچی پورٹ کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا ہے جہاں گاڑیوں کی ترسیل کرنے والا جہاز ایم وی شنگھائی کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا، جس کے ذریعے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو ہزار الیکٹرک گاڑیاں پہنچ گئیں۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق ایم وی شنگھائی جہاز 220 میٹر طویل اور گاڑیوں کی لوڈنگ ان لوڈنگ کے لیے رول آن رول آف سہولت سے لیس ہے اور اس کے ذریعے دو ہزار بجلی سے چلنے والی گاڑیاں درامد کی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جہاز نجی ٹرمینل کے آئی جی ٹی ایل پر لنگر انداز ہوا، پاکستان میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر بجلی سے چلنے والی گاڑیاں ایک ہی شپمنٹ میں درآمد کی گئیں۔

پورٹ ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں کی درآمد کے لیے پہلی مرتبہ رول آن رول آف سہولت سے لیس بحری جہاز پورٹ پر لنگر انداز ہوا۔

پاکستان میں بی وائی ڈی کی آفیشل پارٹنرمیگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے کراچی پورٹ پر 2 ہزار سے زائد بی وائی ڈی کی نیو انرجی گاڑیوں (NEVs) کی آمد کا اعلان کیا ہے، رول آن رول آف کی خصوصیت کے حامل جہاز کے ذریعے پہنچنے والی یہ کھیپ پاکستان آنے والی بی وائی ڈی گاڑیوں کی سب سے بڑی کھیپ میں شمار ہوتی ہے۔

 یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں نیو انرجی گاڑیوں (NEVs)کی جانب رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، صارفین الیکٹرک موبیلٹی کے معاشی، ماحولیاتی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی فوائد کو تیزی سے اپنا رہے ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں درآمد ہونے والی نیو انرجی گاڑیوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

اس موقع پربی وائی ڈی پاکستان ایم ایم سی کے وائس پریزیڈنٹ، سیلز اینڈ اسٹریٹیجی دانش خالق نے کہا کہ یہ سنگ میل اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی صارفین کا نیو انرجی گاڑیوں (NEVs) پر اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے اور ملک میں پائیدار ٹرانسپورٹ کی جانب پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھیپ صارفین کے لیے گاڑیوں کی دستیابی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم عالمی معیار کی مصنوعات، قابل اعتماد آفٹر سیلز سروسز اور ملک بھر میں چارجنگ نیٹ ورک کی توسیع کے ذریعے صارفین کو بہترین طریقے سے گاڑی کی ملکیت فراہم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ الیکٹرک موبیلٹی کو اپنا سکیں۔''

بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی جیان نے کہا کہ دنیا کی نمبر ون نیو انرجی گاڑیوں (NEVs)کی کمپنی بننے کا سفر مسلسل جدت، اعلیٰ معیار اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے عزم پر کاربند رہنے کا نتیجہ ہے، بی وائی ڈی کی عالمی ترقی کے سفر میں پاکستان ایک اہم مارکیٹ ہے اور ہم عالمی معیار کی نیو انرجی گاڑیاں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ملک میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں جس کے ذریعے ہم پاکستان کی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب منتقلی میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

رول آن/رول آف (RoRo) جہاز کے ذریعے اس کھیپ کی آمد جدید آٹوموٹیو لاجسٹکس کی استعداد کار اور مؤثر نظام کی بھی عکاسی کرتی ہے، گاڑیوں کی بحفاظت اور تیز تر ترسیل کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے جانے والے یہ جہاز بڑی تعداد میں گاڑیوں کی نقل و حمل کو ممکن بناتے ہیں، جس سے سپلائی چین مزید مستحکم ہوتی ہے اور صارفین کے لیے گاڑیوں کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

Load Next Story