مصر کے کھلاڑی نے ایک دن میں دو ریکارڈز توڑ دیے
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)
مصر کے ایک باسکٹ بال کھلاڑی نے دو گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کےمطابق مصر کے 21 سالہ باسکٹ بال کھلاڑی علی وسام نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی دن میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے، جن میں سے ایک ریکارڈ ہارلیم گلوب ٹراٹرز کے کھلاڑی کے پاس تھا۔
علی وسام نے 82 فٹ 10 انچ کے فاصلے سے کامیابی کے ساتھ ہُک شاٹ پھینک کر سب سے زیادہ فاصلے سے ہُک شاٹ پھینک کر پہلا جبکہ 90 فٹ اور 6 انچز کے ساتھ سب سے زیادہ فاصلے سے بیک ورڈ شاٹ پھینک کر دوسرا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل سے زیادہ فاصلے کے بیک ورڈ شاٹ کا ریکارڈ ہارلیم گلوب ٹراٹرز کے اسٹار کوری ’تھنڈر‘ لا کے پاس تھا۔ انہوں نے 2024 میں 87 فٹ 8 انچ کے فاصلے سے شاٹ لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے علی وسام نے کہا کہ یہ ان کے لیے ناقابلِ یقین لمحہ ہے۔ وہ بچپن سے ہارلیم گلوب ٹراٹرز کو دیکھتے آئے ہیں۔ اس لیے ان کا ریکارڈ توڑنا ان کے لیے ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔
علی وسام ماضی میں مصری قومی باسکٹ بال ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔