پاک فوج میں افسران کی شرحِ شہادت دنیا کی افواج میں سب سے زیادہ ہے، جاوید جبار

سابق سینیٹر کا آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر کیمپ 2026 کے شرکاء سے خطاب

آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبا و طالبات کیلئے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔

 سابق سینیٹر اور تجزیہ کار جاوید جبار کی سمرکیمپ 2026 کے شرکا کیساتھ خصوصی نشست ہوئی جس میں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پاک فوج کے افسران جوانوں کے شانہ بشانہ اگلے مورچوں پر لڑتے ہیں اور افسران کی شرحِ شہادت دنیا کی افواج میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان دنیا کی تاریخ کا ایک منفرد واقعہ تھا جو قائداعظم کی بصیرت، ثابت قدمی اور سیاسی حکمتِ عملی کے باعث ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان کی غیور قوم نےعزم اور قربانی سے ایک مضبوط ریاست کی بنیاد رکھی، پاکستان کی تہذیبی و تاریخی شناخت نہ صرف وادی سندھ بلکہ مہرگڑھ جیسی ہزاروں سال قدیم تہذیبوں تک پھیلی ہوئی ہے، پاکستانی قوم ذہانت، ہمدردی، مہمان نوازی،رواداری اور منفرد قومی شناخت کے باعث دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔

مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر جاوید جبار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اصولی اور مستقل حمایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کا سمرکیمپ  نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ایک اہم ترین پیشرفت ہے۔

Load Next Story