کالام میں گلیشیئر پھٹنے سے 3 کوہ پیما زخمی، ایک شخص لاپتا
سوات: کالام کے علاقے مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے سے افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کوہ پیماؤں کا ایک گروپ متاثر ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھوٹا کے ٹو کے بیس کیمپ کی جانب جانے والے 7 کوہ پیما گلیشیئر کی زد میں آ گئے۔ واقعے میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 3 کوہ پیما زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 3 کوہ پیما محفوظ رہے، جبکہ خوازہ خیلہ کے معروف کوہ پیما سید علی شاہ تاحال لاپتا ہیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار لاپتا کوہ پیما کی تلاش میں مصروف ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق علاقے میں دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم لاپتا کوہ پیما کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔