آئی ایم ایف میں سینئرمشیرکی تقرری، وزارتی کمیٹی قائم

تین نام تجویز، وزیراعظم آفس انٹرویوز کے بعد حتمی امیدوارکا انتخاب کریگا

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے سینئر مشیرکی اہم تقرری کیلیے وزارتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے،جو وزارتِ خزانہ کی جانب سے تجویزکیے گئے تین امیدواروں کے انٹرویوزکے بعدحتمی نام کاانتخاب کریگی۔

وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق تینوں امیدوار طویل عرصے سے وزارت میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نامزدامیدواروں میں جوائنٹ سیکریٹری بجٹ مریم کیانی، جوائنٹ سیکریٹری ایکسٹرنل فنانس معظم رضااوردیگر غیر ملکی مالیاتی اداروں سے متعلق امور دیکھنے والے جوائنٹ سیکریٹری ندیم احسن شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ نے مریم کیانی کے نام کو ترجیح دی تھی، تاہم وزیراعظم آفس نے معاملہ وزارتی کمیٹی کے سپردکرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر بہترین امیدوارکے انتخاب کافیصلہ کیاہے،انٹرویوزکاعمل رواں ماہ شروع ہونے کاامکان ہے۔

حکام کاکہناہے کہ آئی ایم ایف میں سینئرمشیرکے عہدے کیلیے عالمی معاشی امور، آئی ایم ایف کے نظامِ کار اور بین الاقوامی مالیاتی معاملات پر گہری مہارت درکار ہوتی ہے۔موجودہ سینئرمشیرسیف اللہ ڈوگر تین سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آرہے ہیں۔

وزارتِ خزانہ نے ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی تجویزدی تھی،تاہم حکومت نے اس کی منظوری نہیں دی۔

سینئر مشیرکاکردار صرف پاکستان اور آئی ایم ایف کے تعلقات تک محدودنہیں ہوتا، بلکہ وہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرکورکن ممالک کی مالی معاونت کی درخواستوں، آرٹیکل فور رپورٹس اور مختلف پالیسی امور میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی تقرری کا عمل ستمبر میں متوقع آئی ایم ایف کے چوتھے جائزہ مذاکرات سے قبل مکمل کیے جانے کاامکان ہے، انہی مذاکرات کے دوران پاکستان کی معیشت کاآرٹیکل فور جائزہ بھی لیاجائیگا،جس میں آئندہ برسوں کیلیے ملکی قرضوں کی پائیداری اور بیرونی مالی ضروریات کا بھی تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔

دوسری جانب حکومت جلدہی ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کیلیے منیلا میں پاکستان کے مشیرکی تقرری کاعمل بھی شروع کریگی،یہ عہدہ پانچ سال کیلیے ہوتاہے اور پاکستان و فلپائن کے درمیان باری باری پُر کیاجاتا ہے،حال ہی میں حکومت نے نشیطہ محسن کو اے ڈی بی میں پاکستان کی نئی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقررکیاہے۔

Load Next Story