روہت شرما نے ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی

انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز سے ہی مختلف باتیں ہوتی رہی ہیں اور جب تک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، یہ سلسلہ جاری رہے گا

بھارت کے سابق کپتان روہت شرما نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر خاموشی توڑ دی، انہوں نے واضح کیا کہ میری پوری توجہ صرف بھارت کی نمائندگی کرنے اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ روہت شرما نے یہ بیان انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میں شاندار 110 گیندوں پر 138 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد دیا۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ لارڈز میں کھیلا گیا یہ میچ روہت شرما کا آخری ون ڈے ثابت ہو سکتا ہے، تاہم تجربہ کار اوپنر نے ان خبروں کو اہمیت دینے سے انکار کر دیا۔

روہت شرما نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے گفتگو میں کہا کہ میرا کام بیٹنگ کرنا، میدان میں اتر کر اپنے ملک اور اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔ اپنے ڈیبیو سے اب تک مجھے یہی ذمہ داری دی گئی ہے اور میں آئندہ بھی یہی کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر کے آغاز سے ہی مختلف باتیں ہوتی رہی ہیں اور جب تک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ شور میرے لیے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ میرے لیے اہم بات یہ ہے کہ میں میدان میں ٹیم کی کامیابی میں کس طرح اپنا کردار ادا کرتا ہوں۔ اگر شور نہ ہو تو پھر مزہ بھی نہیں آتا۔

واضح رہے کہ روہت شرما پہلے ہی یہ خواہش ظاہر کر چکے ہیں کہ وہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں جس کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔

Load Next Story