کینیڈین وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، امن و استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار کو سراہا
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جاری کوششوں اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ امن و استحکام کے فروغ میں تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔