چینی کمپنی کی پاکستان کے انفرا اسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور انفرا اسٹرکچر منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں

چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان کے انفرا اسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور انفرا اسٹرکچر منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین شو ژیانگ کی قیادت میں چینی وفد سے ملاقات کی، جس میں شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کنیکٹیوٹی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفد نے او جی ڈی سی ایل کے اشتراک سے حیدرآباد میں جاری تیل و گیس منصوبے سمیت پاکستان میں جاری سرمایہ کاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر سرمایہ کاری نے پاکستان کے بہتر ہوتے کاروباری ماحول، نوجوان افرادی قوت اور انفرا اسٹرکچر شعبے میں موجود سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے وفد کو ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے مکمل سہولت اور ادارہ جاتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری پاکستان میں انفرا اسٹرکچر سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور پاکستان۔چین اقتصادی شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

Load Next Story