راولپنڈی: اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے والا ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا

ملزم نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر اپنی اہلیہ کو گردن پر ٹوکے کے وار کرکے قتل کیا تھا

راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے والا ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

ملزم نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد تیزاب پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم شکیل نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر اپنی اہلیہ کو گردن پر ٹوکے کے وار کرکے قتل کیا تھا۔ خاتون کے قتل کی ایف آئی آر مقتولہ کے بھائی جمشید علی کی مدعیت میں تھانہ کہوٹہ میں درج کر لی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ نے 6 روز قبل بتایا تھا کہ اس کا خاوند مارپیٹ کرتا ہے اور قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ گزشتہ روز سہ پہر ساڑھے 3 بجے بھانجی عائشہ نے اطلاع دی کہ شکیل اور فوزیہ کے درمیان لڑائی ہو رہی ہے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ بہنوئی کے گھر پہنچنے پر ملزم مقتولہ کو چارپائی پر گرا کر اس کے اوپر بیٹھا ہوا تھا اور دائیں ہاتھ میں پکڑے ٹوکے سے ہمشیرہ کی گردن کاٹ رہا تھا۔ شور مچانے پر ملزم نے ٹوکہ ڈائننگ ٹیبل پر رکھا، دھکا دے کر سیڑھیوں کی جانب بھاگ گیا اور سیڑھیوں پر پڑی تیزاب کی بوتل پی لی، جس کے بعد وہ وہیں گر گیا۔

Load Next Story