نئے مالی سال کا پہلا آئی پی او منظور، کمپنی 219 ملین شیئرز کی پیشکش کرے گی

تیزرفتار پراسیسنگ اور ڈیجیٹلائزیشن اقدامات کے باعث کمپنیوں کیلیے کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے، ایس ای سی پی

اسلام آباد:

نئے مالی سال کا پہلا آئی پی او منظور کرلیا گیا، جس کے تحت کمپنی 219 ملین شیئرز کی پیشکش کرے گی۔

مالی سال 2026-27 کا پہلا  آئی پی او منظور کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تصدیق انفارمیشن سروسز کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آئی پی او لانے کی اجازت دیتے ہوئے کمپنی کے پروسپیکٹس کے اجرا، اشاعت اور تقسیم کی بھی منظوری دے دی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق تصدیق انفارمیشن سروسز اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے لائسنس یافتہ کریڈٹ بیورو ہے، جو اپنے رکن اداروں کو صارفین کا کریڈٹ ڈیٹا فراہم کرتی ہے۔

کمیشن کے مطابق تصدیق انفارمیشن سروسز کیپٹل مارکیٹ میں مجموعی طور پر 219 ملین شیئرز کی پیشکش کرے گی، جبکہ آئی پی او بک بلڈنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق پیش کیے جانے والے شیئرز میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ باقی 25 فیصد شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائیں گے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ تیز رفتار پراسیسنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کے باعث کمپنیوں کے لیے کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے۔

Load Next Story