بلوچستان اسکلز ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت قائم آئی ٹی ہب تربت کا افتتاح

بلوچستان اسکلز ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت قائم آئی ٹی ہب تربت نوجوانوں کےلیے ڈیجیٹل تعلیم اور ہنرمندی کا مرکز بن چکا

بلوچستان اسکلز ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت قائم آئی ٹی ہب تربت کا افتتاح آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے کر دیا۔

تقریب میں سول انتظامیہ کے حکام، مقامی معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

بلوچستان اسکلز ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت قائم آئی ٹی ہب تربت نوجوانوں کے لیے جدید ڈیجیٹل تعلیم اور ہنرمندی کا مرکز بن چکا ہے۔ اس جدید مرکز کا مقصد نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انہیں قومی اور عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانا ہے۔

آئی ٹی ہب میں جدید آئی ٹی ہال، ڈیجیٹل لائبریری، کانفرنس روم، فری لانسرز ہب، تفریحی ایریا اور اسٹاف روم قائم کیے گئے ہیں۔ جدید آئی ٹی ہال کو 50 کمپیوٹر سسٹمز، 75 انچ اسمارٹ ڈسپلے، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، لوکل ایریا نیٹ ورک اور سرویلنس سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے۔

مرکز میں تفریحی سہولیات، انڈور گیمز، سولر پاور بیک اپ اور ایئر کنڈیشننگ کا انتظام طلبہ کے لیے بلا تعطل اور معیاری تعلیمی ماحول یقینی بناتا ہے۔ آئی ٹی ہب تربت کے پہلے بیچ کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ کلاسز اگست کے پہلے ہفتے سے شروع ہوں گی۔

آئی ٹی ہب تربت بلوچستان کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے ترقی اور خود انحصاری کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

Load Next Story