کھجور کے درختوں کوبچانے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی تیار

یہ ٹیکنالوجی اردن سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ انجینئر نے تیار کی

اردن سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ انجینئر زید سنوکروت نے کھجور کے درختوں کو تباہ کرنے والے خطرناک ریڈ پام ویول کے خلاف مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے لیے ابوظہبی میں ڈیپ ٹیک کمپنی پامیئر قائم کر دی۔

زید سنوکروت کے مطابق لاکھوں کھجور کے درخت اس کیڑے کی وجہ سے تباہ ہو رہے تھے، جس سے خطے کی ثقافت، غذائی تحفظ اور زرعی معیشت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں کوئی مؤثر حل نظر نہیں آیا تو انہوں نے خود اس مسئلے کا حل تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس مقصد کے لیے قائم کی گئی کمپنی پامیئر نے زراعت اور ماحولیاتی نگرانی کے لیے پیٹنٹ شدہ اے آئی اکوسٹک ٹیکنالوجی تیار کی ہے، جو آوازوں کے تجزیے کے ذریعے درختوں میں نقصان یا بیماری کی بروقت نشاندہی کر سکتی ہے۔

زید سنوکروت نے بتایا کہ ابتدائی اے آئی ماڈل لیبارٹری میں تو کامیاب رہا لیکن عملی میدان میں مختلف موسمی حالات اور قدرتی آوازوں کی وجہ سے اس کی کارکردگی متاثر ہوئی۔

ان کے مطابق حقیقی ماحول میں ٹیکنالوجی کو مؤثر بنانے کے لیے مسلسل تحقیق اور بہتری کی ضرورت پیش آئی، جس کے بعد کمپنی نے اپنے نظام کو مزید قابلِ اعتماد بنایا۔

Load Next Story