حکومت کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری
(فوٹو: فائل)
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور وزارت خزانہ سے جاری آفس میمورنڈم کے تحت سرکاری ملازمین کے نظرثانی شدہ نئے پے اسکیلز بھی جاری کردیے ہیں۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ آفس میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026سے وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز پر نظرثانی کا اطلاق کیا گیا ہے اور متعارف کروائے گئے۔
آفس میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ نئے بنیادی پے اسکیلز 2026 میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو ضم کیا گیا ہے اور موجودہ ملازمین کی تنخواہیں یکم جولائی 2026 سے نئے پے اسکیلز میں پوائنٹ ٹو پوائنٹ بنیاد پر مقرر کی جائیں گی جبکہ سالانہ انکریمنٹ بدستور ہر سال یکم دسمبر کو موجودہ قواعد کے مطابق دی جائے گی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ یکم جولائی 2026 سے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ختم تصور کیے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت کے سول ملازمین، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ پانے والے سویلین ملازمین، کنٹریکٹ پر تعینات اہلکاروں اور دیگر متعلقہ ملازمین کو بی پی ایس 2026کی رننگ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا۔
واضح کیا گیا ہے کہ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے تابع ہوگا اور اس کے اطلاق سے متعلق دیگر شرائط بھی آفس میمورنڈم میں درج کی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتیں، ڈویڑنز اور محکمے اپنے ملازمین سے 30 روز کے اندر تحریری اور ناقابل واپسی آپشن حاصل کریں کہ وہ بنیادی پے اسکیل 2022کے تحت تنخواہ لینا چاہتے ہیں یا نئے بیسک پے اسکیل 2026کے تحت تنخواہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں آپشن نہ دینے والے ملازمین کو خودکار طور پر بیسک پے اسکیل 2026 کا انتخاب کرنے والا تصور کیا جائے گا۔
آفس میمورنڈم میں مزید کہا گیا کہ نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ بے ضابطگیوں کے ازالے کے لیے وزارت خزانہ میں ایناملی کمیٹی قائم کی جائے گی۔
وفاقی سرکاری ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری
وفاقی حکومت نے گریڈ ایک تا 22 کے وفاقی سرکاری ملازمین کو ملنے والے کنوینس الاؤنس، خصوصی ملازمین کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کر دیا ہے اور وفاقی ملازمین کو 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے جو 2022 کی بنیادی تنخواہ پر ملے گا۔
ایکسپریس نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے متعدد نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں، وفاقی ملازمین کو ملنے والے معمول کے کنوینس الاونس میں اضافے کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ ایک تا 4 کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس 1785روپے سے بڑھا کر2678 روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 5 تا 10 کے ملازمین کے لیے کنوینس الاونس1932 روپے سے بڑھا کر2898 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے ،گریڈ 11 تا 15 کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس2856 روپے سے بڑھا کر4284 روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
اسی طرح گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس 5 ہزارروپے سے بڑھا کر ساڑھے سات ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
دوسرے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین کو 30 جون 2026 کے بنیادی پے اسکیلز پر 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کی بھی منظوری دے دی ہے، یہ الاؤنس ڈسپیریٹی الاؤنس کے اہل ملازمین کو موجودہ شرائط و ضوابط پر ملے گا۔
تیسرے نوٹیفکیشن کے ذریعے یکم جولائی سے حکومت نے خصوصی سرکاری ملازمین کے لیے اسپیشل کنوینس الاؤنس بھی 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کردیا ہے یہ اسپیشل کنوینس الاؤنس معمول کے ملنے والے کنوینس الاؤنس سے اضافی ہوگا۔