پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان فریم ورک پر دستخط
فوٹو فائل
نوجوان کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کیلیے پی ٹی اے اور میٹا نے معاہدے پر دستخط کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا نے پاکستان میں نوجوانوں کے آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل خواندگی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے پیش نظر مشترکہ تعاون پر مبنی فریم ورک کے لئے لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کردیئے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس تعاون کے ذریعے پاکستان میں آن لائن مواد کے تحفظ سے متعلق معاملات پر باہمی گفتگو، تعاون اور استعداد کار کو فروغ دیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے کا مقصد اس شراکت کے ذریعے ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ، ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کی حوصلہ افزائی، بالخصوص بچوں اور نوجوان صارفین کے لیے ایک محفوظ اور پْراعتماد ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے اور میٹا استعداد کار میں اضافے، پالیسی مکالمے، آگاہی مہمات، اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل فلاح و بہبود سے متعلق عالمی بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے مشترکہ طور پر اقدام کریں گے۔
یہ تعاون آن لائن مواد سے متعلق امور، ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری، اور پاکستان میں ڈیجیٹل تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اقدامات میں بھی معاون ثابت ہوگا۔