سنگاپور میں ہیرا چوری کی انوکھی واردات؛ شاطر چور بھارتی نکلے؛ قید کی سزا
دونوں بھارتیوں نے جعلی ہیرا تیار کیا اور اسے اصل ہیرے سے تبدیل کردیا
سنگاپور پولیس نے 30 اور 42 سالہ دو بھارتیوں کو تقریباً 2 لاکھ 35 ہزار سنگاپوری ڈالر مالیت کا ہیرا ایک زیورات کی دکان سے چوری کرنے کے صرف 3 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 42 سالہ منوج کمار اور اس کے ساتھی نے واردات سے قبل بھارت کے شہر سورت میں اصل ہیرے کے ہم شکل ایک جعلی ہیرا تیار کرایا۔ یہاں تک کہ جعلی ہیرے کا سائز اور شناختی نمبر بھی اصل ہیرے سے ملتا جلتا بنایا گیا تھا تاکہ کسی کو فوری طور پر شک نہ ہو۔
دونوں افراد جون 2026 میں سنگاپور پہنچے اور چائنا ٹاؤن میں واقع ایک جیولری شاپ کا رخ کیا۔ ایک ملزم نے دکان کے سیلز منیجر کو مختلف زیورات دکھانے میں مصروف رکھا جبکہ دوسرے نے موقع پاکر اپنے منہ میں چھپایا گیا جعلی ہیرا نکالا اور تقریباً 4.95 قیراط وزنی اصلی ہیرے سے تبدیل کر دیا۔
سیلز مین کو چکمہ دینے کے بعد ملزمان اصلی ہیرا اپنے منہ میں چھپا کر دکان سے نکل گئے واردات کے بعد دونوں اپنے ہوٹل واپس گئے، طے شدہ وقت سے پہلے کمرہ خالی کیا اور اسی روز بھارت واپسی کے لیے پرواز بک کر لی۔
تاہم ملزمان کی یہ چال دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا اور چانگی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کارروائی کے دوران گرفتار کرکے چوری شدہ ہیرا برآمد کرلیا۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ دونوں افراد سنگاپور صرف اس واردات کی غرض سے آئے تھے اور انہوں نے جرم کی مکمل منصوبہ بندی کر رکھی تھی یہاں تک کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے فوری واپسی کا انتظام بھی پہلے سے کر لیا گیا تھا۔
سنگاپور کی عدالت نے ایک بھارتی شہری کو لاکھوں ڈالر مالیت کا قیمتی ہیرا چوری کرنے کے جرم میں دو سال، دو ماہ اور دو ہفتے قید کی سزا سنا دی جبکہ اس کے مبینہ ساتھی کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔