سام سنگ نے اپنا نیا گلیکسی کارڈ متعارف کرا دیا

کارڈ کے لیے درخواستیں 22 جولائی سے آن لائن اور امریکا بھر میں سام سنگ کے ریٹیل اسٹورز پر جمع کرائی جا سکیں گی

سام سنگ نے امریکا میں اپنا نیا گلیکسی کارڈ کریڈٹ کارڈ متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف خریداریوں پر کیش بیک حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی نے اس کارڈ کے لیے ویزا اور بارکلیز یو ایس کنزیومر بینک کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ گلیکسی کارڈ فزیکل میٹل کارڈ اور ورچوئل کارڈ، دونوں صورتوں میں دستیاب ہوگا۔

کارڈ کے لیے درخواستیں 22 جولائی سے آن لائن اور امریکا بھر میں سام سنگ کے ریٹیل اسٹورز پر جمع کرائی جا سکیں گی۔ نئے صارفین اگر اکاؤنٹ کھولنے کے بعد پہلے 90 دنوں میں دو ہزار امریکی ڈالر خرچ کریں گے تو انہیں 200 ڈالر کا ویلکم بونس دیا جائے گا۔

گلیکسی کارڈ کے ذریعے سام سنگ کی مصنوعات کی خریداری پر  پانچ فی صد، سام سنگ والیٹ کے ذریعے ادائیگی پر تین فی صد، منتخب اسٹریمنگ سروسز پر دو فی صد اور دیگر تمام اہل خریداریوں پر ایک فی صد کیش بیک دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کارڈ ہولڈرز کو سام سنگ وی آئی پی ایڈوانٹج ممبرشپ پر 20 فی صد رعایت اور اس کی خریداری یا تجدید پر  پانچ فی صد کیش بیک بھی ملے گا۔

سام سنگ نے یہ کریڈٹ کارڈ ایسے وقت میں متعارف کرایا ہے جب ایپل کو اپنا ایپل کارڈ لانچ کیے سات سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، جس سے دونوں کمپنیوں کے درمیان مالیاتی خدمات کے شعبے میں بھی مقابلہ مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

Load Next Story