کراچی میں دوست کے گھر چوری کرنے والا ملزم گرفتار، 36 لاکھ روپے برآمد
شہر قائد میں پولیس نے دوست کے گھر چوری کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے لوٹی گئی 36 لاکھ روپے کی نقدی برآمد کرلی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق واردات میں مدعی مقدمہ فیاض خان کا قریبی دوست ملوث نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر رقم برآمد کرلی۔
مدعی مقدمہ فیاض خان موبائل فون کا تاجر ہے جس کے اہل خانہ کے گاؤں گئے ہوئے تھے جبکہ وہ خود کام پر تھے کہ غیر موجودگی میں گھر پر نقب زنی کی واردات ہوئی۔
واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس نے اہم شواہد حاصل کر کے خفیہ اطلاع پر ملزم ذیشان کو گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر نقب زنی کی واردات میں لوٹی گئی 36 لاکھ روپے کی پوری رقم گھر میں ریتی بجری کے نیچے چھپائی گئی برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔