اے این ایف ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے کوشاں
فوٹو: فائل
اینٹی نارکوٹکس فورس ملک اور بیرون ملک منشیات کے خاتمے اور بحالی کے مشترکہ اقدامات کے لیے کوشاں ہے۔
سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل فیڈریشن آف گرین کریسنٹ کی سربراہی میں ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد کو اے این ایف کے تنظیمی ڈھانچے، نمایاں کامیابیوں، انسدادِ منشیات، بحالی اور آگاہی سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وفد کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے بحالی کے لیے قائم ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران منشیات سے بچاؤ اور بحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ۔
ملاقات کے دوران تعاون کے فروغ اور منشیات سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن معاونت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ ترکیہ کے پاکستان میں موجود ڈرگ لائژن آفیسر آفس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور معلومات کے تبادلہ کو مزید موثر بنایا جائے گا ۔
ترک وفد نے منشیات کے ناسور کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کی نمایاں کامیابیوں اور ویژن کو سراہا۔