سی جے پی احتجاج پر پولیس کارروائی، نصیرالدین شاہ اور راکھی ساونت بھی بول پڑے
بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ اور راکھی ساونت بھی کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے منعقدہ احتجاج کے حق میں بولنا شروع ہو گئے ہیں۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے کاکروچ جنتا پارٹی کی ’چلو سنسد‘ ریلی کے دوران مظاہرین پر ہونے والی پولیس کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے تشدد کی مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں 76 سالہ اداکار نے کہا کہ ’’اگر ایک جاہل شخص کسی ملک کی قیادت کرے تو وہ چاہے گا کہ پورا ملک بھی اسی کی طرح جاہل، بے حس اور بے رحم بن جائے۔‘‘
نصیرالدین شاہ نے کہا کہ ’’بطور استاد مجھے اپنے طلبہ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اسی لیے میں نوجوانوں سے خصوصی ہمدردی رکھتا ہوں، ان بچوں کے ساتھ جس بے رحمی سے سلوک کیا جا رہا ہے، وہ مجھے امریکہ کے آئیس(آئی سی ای) اہلکاروں کی یاد دلاتا ہے، جن کے چہروں پر ماسک اور ہاتھوں میں لاٹھیاں ہوتی ہیں۔‘‘
اداکار نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں کیونکہ بہت سے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔
انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں راکھی ساونت نے کہا، ’’میں پوری رات سو نہیں سکی۔ دہلی میں طلبہ کو مارا جا رہا ہے، ایسے میں مجھے سکون کیسے آسکتا ہے؟ ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے؟ نہ بیٹی محفوظ ہے، نہ بیوی، لوگ مارے جا رہے ہیں۔ بیٹیوں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں، طلبہ کے پیپر لیک ہو رہے ہیں اور بھوک ہڑتال کرنے والوں پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے، حالانکہ احتجاج کرنا ان کا حق ہے۔‘‘
اداکارہ نے کہا کہ شوٹنگ سے واپسی پر یہ خبریں دیکھ کر ان کا دل بھر آیا اور انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ جھانسی کی رانی بن کر ہاتھ میں تلوار یا ہاکی اسٹک لے کر ان لوگوں کا مقابلہ کریں جو اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والے طلبہ پر تشدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ بچے اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، انہیں اس طرح نہیں مارنا چاہیے۔ میرا خون کھول رہا ہے، آخر ہمارے بھارت کو یہ کیا ہو گیا ہے؟‘‘