عامر خان کے سوتیلے بھائی بے گھر اور فاقوں پر مجبور؟ سابقہ اہلیہ کا بڑا دعویٰ
عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان کی سابقہ اہلیہ نے یہ دعوہ کیا ہے کہ ان کی حالت خراب ہے اور ان کے پاس رہنے کیلئے کوئی مستقل ٹھکانہ بھی نہیں ہے۔
اداکارہ ایوا گروور نے سدھارتھ کنن کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے سابقہ شوہر اور عامر خان کے سوتیلے بھائی سے متعلق کئی تشویشناک دعوے کیے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدر علی خان کی حالت انتہائی خراب ہے اور ان کے پاس نہ مستقل رہائش ہے اور نہ ہی کوئی ایسا شخص جو ان کی دیکھ بھال کرے، کچھ دوست انہیں اپنی چال میں جگہ دے دیتے ہیں اور تھوڑی مدد کر دیتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ حیدر علی خان شیزوفرینیا کا شکار ہیں مگر ان کے اردگرد موجود بعض لوگ انہیں شراب بھی فراہم کرتے رہتے ہیں۔
ایوا گروور نے انٹرویو میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ عامر خان نے حیدر علی خان اور ان کے خاندان سے تمام تعلقات ختم کر رکھے ہیں۔ عامر خان کے والد طاہر حسین کے آخری ایام میں ان کی سابق ساس کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ ایوا گروور کے یہ تمام بیانات ان کے ذاتی دعووں پر مبنی ہیں، جن پر عامر خان یا حیدر علی خان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔