بھارت کی ترقی کا دعویٰ الٹا پڑگیا، بی جے پی نے پاکستانی شاہراہ کی ویڈیو شیئر کردی

ویڈیو منظرعام پر آتے ہی صارفین نے نشاندہی کردی کہ اس میں دکھائی گئی شاہراہ بھارت کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کی ہے

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سوشل میڈیا پر اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب بھارت کی ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کی گئی ایک ویڈیو دراصل پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان کی شاہراہ کی نکلی۔

بی جے پی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک خوبصورت ہائی وے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’’یہ نیا بھارت ہے، جو صرف خواب نہیں دیکھتا بلکہ انہیں حقیقت میں بھی بدلتا ہے۔‘‘ تاہم ویڈیو منظرعام پر آتے ہی صارفین نے نشاندہی کردی کہ اس میں دکھائی گئی شاہراہ بھارت کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کی ہے۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹر ناردرن وائبس کی تیار کردہ تھی، جن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد فالوورز موجود ہیں۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ناردرن وائبس نے بی جے پی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’بلتستان ہائی وے کب بھارت کا حصہ بن گئی؟ یہ میری ویڈیوز ہیں، جو بغیر اجازت استعمال کی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے بی جے پی پر اپنی ویڈیو استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

معاملہ سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد بی جے پی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پارٹی نے مذکورہ ویڈیو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے حذف کر دی۔ تاہم اس حوالے سے بی جے پی کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Load Next Story