رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وزیراعظم پاکستان ہی آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب کرے۔
آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایک بار پھر حق حکمرانی، مالکیت اور حق روزگار کا انتخابی ایجنڈا دہراتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیریوں نے انتخابات میں ووٹ دے کر اکثریت دلوائی تو یہ تینوں مسائل حل کردیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ چھ ماہ سے ہماری حکومت ہے اور یہاں پر جو کام کیے اُن پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بات کرنے والوں کو پنجاب کی سڑکیں ہی ٹھیک لگتی ہیں اور کہتے ہیں کہ صوبے سے نکلتے ہی سڑکیں خراب ہیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ رائیونڈ کو پنجاب سمجھتے ہیں کیونکہ اندرون صوبے کی حالت بہت بری ہے اور انہیں اس کی کوئی پرواہ بھی نہیں ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اب یہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ اسلام آباد سے ہو اور رائیونڈ کا ایک شہر اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کا خواہش مند ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ن لیگ کا ایک وزیر راولاکوٹ والوں کو کشمیری نہیں سمجھتا اور حکومت کی پُراسرار خاموشی اُس کی بات کی تائید ہے، اب کشمیریوں کو انہیں مسترد کرکے بتانا ہوگا کہ راولا کوٹ سمیت دیگر علاقوں کے لوگ اصل کشمیری ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر خواجہ آصف کشمیریوں سے معافی نہیں مانگتے تو پھر اُن کے بیان کو وفاقی حکومت کی پالیسی اور خاموشی کو تائید سمجھا جائے گا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ خواہش ہے کشمیر کا نمائندہ سڑک پر احتجاج کے بجائے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بیٹھ کر اپنے حقوق کی بات کرے۔
بلاول نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں 12 نشستیں اُن کی جیب میں ہیں تو یہ دھاندلی اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، میں مہاجرین کی نمائندگی اور ووٹ نہ دینے والوں کی بات نہیں مانتا بلکہ کہتا ہوں کہ کشمیر کا فیصلہ پنجاب، سندھ، اسلام آباد یا کوئی اور نہیں کرے بلکہ کشمیری خود کریں۔