پاکستان اور یورپی یونین کا شراکت داری مزید مضبوط بنانے، تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منیلا میں 33 ویں آسیان ریجنل فورم میں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ سے ملاقات ہوئی

فوٹو: دفترخارجہ

پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس سے ملاقات کی جہاں پاک-یورپ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران کایا کالاس نے حالیہ دورہ اسلام آباد اور پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کو خوش گوار انداز میں یاد کیا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سفارت کاری ہی واحد مؤثر اور دیرپا راستہ ہے۔

اسحاق ڈار اور کایا کالاس نے امریکا اور ایران کی صورت حال کے تناظر میں علاقائی سلامتی، عالمی توانائی کی منڈیوں، سمندری سلامتی، تجارت اور سپلائی چینز پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت تمام بین الاقوامی کنونشنز پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی اقتصادی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Load Next Story