سکھر، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ
سکھر میں گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم تو خوشگوار بنا دیا تاہم تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ بجلی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بارش کے دوران تیز آندھی چلنے سے سیپکو ریجن کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
بارش کے باعث سکھر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب گرج چمک اور بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی جس پر شہریوں نے شدید حبس کے بعد سکون کا سانس لیا۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے بجلی کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں صورتحال معمول پر لانے کے لیے کام جاری ہے۔