ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2027 کے فائنل کے لیے حتمی مقام کا نام سامنے آگیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے اوول کو میزبان میدان مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ لارڈز میں پچز کے معیار پر تحفظات کے باعث یہ بڑا مقابلہ آئندہ سال وہاں نہیں کھیلا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال لارڈز میں کھیلے گئے ڈبلیو ٹی سی فائنل کی کامیابی کے بعد آئی سی سی نے انگلینڈ کو آئندہ تین فائنلز کی میزبانی دی تھی، تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے 2027 کا فائنل اوول منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق لارڈز کی انتظامیہ (ایم سی سی) اپنی پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع جائزہ لے رہی ہے۔ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کے ٹیسٹ میچ کی پچ کو آئی سی سی نے ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیتے ہوئے لارڈز کو پہلی مرتبہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا، جس کے بعد پچز کی ازسرِنو تیاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم سی سی کو امید ہے کہ اگر پچز کے معیار میں بہتری آ گئی تو 2029 کا ڈبلیو ٹی سی فائنل دوبارہ لارڈز میں کروایا جا سکتا ہے۔
اوول کو فائنل کی میزبانی ملنے سے سرے کاؤنٹی کو بھی بڑا مالی فائدہ ہوگا، کیونکہ اب وہ اگلے سال پانچویں ایشز ٹیسٹ کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کی بھی میزبانی کرے گی۔
ای سی بی کے فیصلے کی ایک وجہ ڈبلیو ٹی سی فائنل (9 تا 13 جون 2027) اور لارڈز میں دوسرے ایشز ٹیسٹ (30 جون تا 4 جولائی) کے درمیان کم وقفہ بھی بتایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لندن میں بنگلا دیشی کمیونٹی کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے لارڈز کو انگلینڈ اور بنگلا دیش کے واحد ٹیسٹ میچ کی میزبانی دی گئی ہے۔
دوسری جانب مانچسٹر کے ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ کو ابتدائی طور پر 2027 میں ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی ملنی تھی، تاہم نئے شیڈول کے بعد وہ اس سے محروم ہوگیا ہے، جبکہ لنکاشائر کاؤنٹی کو اس کے بدلے مالی معاوضہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پہلے تین فائنلز بھی انگلینڈ میں ہی کھیلے گئے تھے۔ 2021 میں نیوزی لینڈ نے ساوتھمپٹن میں بھارت کو شکست دی، 2023 میں آسٹریلیا نے اوول میں بھارت کو ہرایا، جبکہ 2025 کے فائنل میں جنوبی افریقا نے لارڈز میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
آئی سی سی کے نزدیک انگلینڈ غیر جانبدار مقام ہونے کے ساتھ ٹکٹوں کی بھرپور فروخت کے باعث ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے موزوں ترین میزبان تصور کیا جاتا ہے۔