کراچی میں آن لائن فوڈ رائیڈر سے بدسلوکی کرنے والا شخص ویڈیو وائرل ہونے کے بعد زیر حراست
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈر کے ساتھ سرعام بدسلوکی کرنے والے شہری کو پولیس نے حراست میں لے کر گاڑی سمیت تھانے منتقل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق درخشاں پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچانے اور بدسلوکی کرنے والے شخص کو ڈیفنس بدر کمرشل سے حراست میں لیا۔
پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے کر ملزم سمیت تھانے منتقل کیا۔ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ زیر حراست شخص کی شناخت عبدالحسیب کے نام سے کی گئی جس نے چند روز قبل فوڈ ڈلیوری رائیڈر سے بدسلوکی اور موٹر سائیکل کو ہاکی سے نقصان پہنچایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ رائیڈر سے بدسلوکی کرنے والے شخص کی گرفتاری بدر کمرشل سے عمل میں لائی گئی جبکہ درخشاں پولیس متاثرہ فوڈ ڈلیوری رائیڈر سے بھی رابطے کی کوششیں کر رہی ہے۔
ایس ایچ او درخشاں راشد علی نے بتایا کہ زیر حراست شخص کی بدر کمرشل میں ٹریول ایجنسی ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق عبدالحسیب بلڈپریشر کا مریض ہے۔