امریکا نے ایران پر مسلسل 13 ویں رات بھی فضائی حملے شروع کر دیے، سینٹکام
امریکا نے ایران کے خلاف مسلسل 13 ویں رات بھی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ ایرانی شہر اہواز میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ امریکی افواج نے جمعرات کی شب ایران کے فوجی اہداف پر ایک اور حملہ کیا۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں مسلسل 13 ویں رات جاری رہیں۔
U.S. forces started another night of strikes against Iranian military targets at 6:45 p.m. ET today. This is the 13th consecutive night of strikes aimed to hold Iran accountable and diminish threats from the Islamic Revolutionary Guard Corps to commercial shipping.
— U.S. Central Command (@CENTCOM) July 23, 2026
سینٹکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کو اس کے اقدامات پر جوابدہ بنانا اور پاسداران انقلاب کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو لاحق خطرات کو کم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ خوزستان کے دارالحکومت اہواز کے رہائشیوں نے جمعہ کی علی الصبح متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق اہواز میں امریکی فضائی حملوں میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ مرکزی کے علاقے خنداب کے باہر واقع ایک مقام کو امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
صوبے کے نائب گورنر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ مقام کو نشانہ بنایا گیا تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ لورستان کے دارالحکومت خرم آباد کے جنوبی علاقے میں بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں حکام کی جانب سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسی دوران صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر جاسک میں بھی جمعہ کی علی الصبح کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔