وزیرِ پیٹرولیم سے عالمی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں کی ملاقاتیں، سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

علی پرویز نے امریکی کمپنی مورگن ہیوز انرجی کے صدر گریگوری بلوم اور تیجارہ کیپیٹل کے سی ای او احمد ولید سے ملاقات کی

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے توانائی اور کریٹیکل منرلز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرِ پیٹرولیم نے امریکی کمپنی مورگن ہیوز انرجی کے صدر گریگوری بلوم اور تیجارہ کیپیٹل کے سی ای او احمد ولید سے ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں کمپنیاں بلوچستان میں معدنیات کے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر گریگوری بلوم نے پاکستان کے تیل و گیس کے موجودہ ذخائر سے پیداوار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ علی پرویز ملک نے مقامی توانائی پیداوار میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے ویٹول ایشیا کے سی ای او کیرن گالاگر سے بھی ملاقات کی اور گوادر میں کمپنی کے بنکرنگ آپریشنز کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی۔

ملاقات میں ہائی سلفر فیول آئل کو ویری لو سلفر فیول آئل میں تبدیل کرنے کے منصوبے، نئی بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی توانائی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

Load Next Story