فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے پاک افواج کے افسر عامر رضا کون ہیں؟

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ان کی  پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ بسالت کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جنرل عامر رضا قومی سلامتی سے متعلق اس اہم ذمہ داری کو پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کے ساتھ انجام دیں گے۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں اور قومی دفاعی حکمتِ عملی کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے جب کہ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کو پاکستان کی عسکری قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

آرمرڈ کور سے تعلق رکھنے والے جنرل عامر رضا نے پاکستانی فوج میں کمانڈ، سٹاف اور ادارہ جاتی سطح کے متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔

وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں جبکہ برطانیہ سے ماسٹرز بھی کر چکے ہیں۔

جنرل عامر رضا نے اپریل 2020 میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کمان سنبھالی، جبکہ اکتوبر 2022 میں انھیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جنرل رضا کو اُن کے ملٹری کریئر کے دوران ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو پاک افواج کی میرٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی ترقی ان کے شاندار عسکری کیریئر اور وسیع پیشہ ورانہ تجربے کا اعتراف ہے،لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

یہ پاک فوج کے اہم ترین عہدوں میں شمار ہوتا ہے اور جس کے لیے اعلیٰ سطح کی حکمت عملی، آپریشنل مہارت اور عسکری امور پر گہری گرفت درکار ہوتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی تی) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کا آرمرڈ کور میں نمایاں کیریئر، مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تربیتی عہدوں پر خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت ان کی وسیع عسکری صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی تقرری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاک افواج اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرری کے لیے میرٹ، تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو بنیادی معیار بناتی ہیں۔

اپنے وسیع تجربے اور مہارت کے باعث لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی قیادت کے لیے موزوں ترین انتخاب ہیں، جو اسٹریٹجک امور میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

Load Next Story