آلودہ سلاد پتے سے پھیلنے والی طفیلی بیماری کا دائرہ مزید وسیع
امریکا میں طفیلی بیماری سائیکلواسپوریاسس کے حالیہ اور ملک کے سب سے بڑے معلوم ہونے والے پھیلاؤ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے، جس سے متاثرہ ریاستوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی ہے۔
امریکی وفاقی صحت کے اداروں کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وبا سے پہلے انڈیانا، کینٹکی، مشی گن، اوہائیو اور ویسٹ ورجینیا متاثر ہوئے تھے جبکہ اب الینوائے، کنساس، اوکلاہوما اور پنسلوانیا بھی متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق بیماری کے زیادہ تر کیسز کا تعلق وسطی میکسیکو سے درآمد کی گئی آئس برگ لیٹس سے ہے، جو سائیکلو اسپورا نامی طفیلی سے آلودہ تھی۔
ماہرین کے مطابق سائیکلواسپوریاسس جان لیوا بیماری نہیں۔ تاہم، اس کی علامات انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہیں، جن میں شدید اور بار بار اسہال، قے، معدے میں درد، متلی اور جسمانی کمزوری شامل ہیں۔
تحقیقات سے واقف ذرائع کے مطابق نئی متاثرہ ریاستوں کے مریض بھی تقریباً اسی عرصے میں بیمار ہوئے، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھی اسی آلودہ لیٹس کی کھیپ سے ہے۔
صحت حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر آلودہ خوراک کے استعمال کے بعد مذکورہ علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں جبکہ بیماری کے ماخذ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔