عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ

پورا ہفتہ قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد منافع لینے کے رجحان کی وجہ سے قیمت نیچے آگئی ہے، تجزیہ کار

فوٹو: فائل

عالمی مارکیٹ میں غیریقینی کے دوران خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری حملوں کے عالمی خام تیل کی رسد پر ممکنہ اثرات کا تاجر جائزہ لے رہے ہیں، جس کے باعث انٹرنیشنل بینچ مارک آئل کنٹریکٹ برینٹ کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ برینٹ خام تیل کی قیمت گر کر 95.61 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے جو جمعرات کو100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی۔

دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 4.1  فیصد کمی کے بعد 88.40  ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔

ٹریڈنگ پلیٹ فارم آئی جی کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار کرس بیوچیمپ نے بتایا کہ پورا ہفتہ مسلسل اضافے کے بعد تیل کی قیمت میں منافع حاصل کرنے کے رجحان کی وجہ سے آخرکار قیمت نیچے آگئی ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان میں مسلسل پانچویں روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور 25 جولائی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 335 روپے 18 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت  383 روپے 46 پیسے مقرر کی ہے۔

 گزشتہ روز بھی پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 4 روپے 40 پیسے اور 3 روپے 62 پیسے اضافہ کردیا گیا تھا۔

 

Load Next Story