ایران کا خطے کی ریاستوں کے شہریوں کو امریکی تنصیبات سے 500 میٹر دور رہنے پر زور
فوٹو: انادولو
ایران کی پاسداران انقلاب نے خطے کے ممالک کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی افواج کے مراکز اور تنصیبات سے کم ازکم 500 میٹر دور رہیں۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا کہ خطے کی ریاستوں کے شہری ان عمارتوں سے کم از کم 500 میٹر دور رہیں جن کے بارے میں دعویٰ ہے کہ انہیں امریکی فوجی خفیہ رہائش گاہوں کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی افسران اور فوجی اہلکار اپنے فوجی اڈوں کو چھوڑ کر شہری علاقوں میں واقع عمارتوں میں منتقل ہو گئے ہیں تاکہ وہاں سے فوجی کارروائیوں کی ہدایت دے سکیں۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے ایسے مقامات سے فوری طور پر کم از کم 500 میٹر کا فاصلہ اختیار کریں۔
امریکی حملوں کے حوالے سے پاسداران انقلاب نے بتایا کہ امریکا نے ایران میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا، جن میں پل، ماہی گیری کی بندرگاہیں، کشتیاں، گاڑیاں اور ریلوے نظام شامل ہے۔