وکرانت میسی آخر دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ کام کیوں نہیں کرنا چاہتے تھے؟ اداکار کا بڑا انکشاف
اداکار وکرانت میسی نے بالی ووڈ کی مشہور ترین اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ کام کرنے سے ہچکچانے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی اداکار وکرانت مسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چھپاک‘ میں کام کرنے سے اس لیے ہچکچا رہے تھے کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ سپر اسٹار دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ ان کی جوڑی اسکرین پر اچھی نہیں لگے گی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وکرانت مسی نے بتایا کہ ’’اس وقت میں خوداعتمادی کی کمی کا شکار تھا اور مجھے محسوس ہوتا تھا کہ دیپیکا بہت بڑی اسٹار ہیں اور ہمارا قد بھی ایک جیسا ہی ہے۔ بس، ان دو وجوہات کی وجہ سے مجھے ایسا لگا کہ ہم ساتھ اچھے نہیں لگیں گے۔‘‘
اداکار کے مطابق انہوں نے فلم بھی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا مگر فلم کی ڈائرکٹر میگھنا گلزار نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور یقین دلایا کہ ان دونوں کی جوڑی اسکرین پر بہترین نظر آئے گی۔
وکرانت میسی نے کہا کہ ’’میگھنا گلزار سمیت کئی ہدایتکاروں نے ان پر اعتماد کیا، جس نے ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کیا اور انہیں مشکل کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیا۔‘‘
فلم ’چھپاک‘ میں وکرانت میسی نے امول نامی سماجی کارکن کا کردار ادا کیا تھا، جو تیزاب گردی کا شکار ایک لڑکی کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔ ان کی اداکاری اور دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ کیمسٹری کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔