جینک سنر اور نوواک جوکووچ مونٹریال ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار

سنر اور کارلوس الکاراز کی عدم موجودگی کے بعد زویریف ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے

ومبلڈن چیمپئن جینک سنر اور 24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے فاتح نوواک جوکووچ نے اگلے ماہ ہونے والے مونٹریال ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یو ایس اوپن سے قبل اہم وارم اپ مقابلہ سمجھا جانے والا یہ ایونٹ یکم سے 13 اگست تک کھیلا جائے گا۔

اطالوی اسٹار جینک سنر نے بیان میں کہا کہ اپنی ٹیم سے مشاورت کے بعد صحت کو ترجیح دیتے ہوئے یہ مشکل فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے ٹورنامنٹ سے باہر رہنا مایوس کن ہے تاہم وہ مستقبل میں دوبارہ مونٹریال میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

24 سالہ سنر نے رواں ماہ ومبلڈن کے فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویریف کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پانچواں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا تھا۔

دوسری جانب 39 سالہ نوواک جوکووچ بھی ومبلڈن سیمی فائنل تک پہنچے تھے جہاں انہیں سنر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سنر اور کارلوس الکاراز کی عدم موجودگی کے بعد زویریف ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے۔

Load Next Story