جسم پر سب سے زیادہ شارک کے ٹیٹو بنانے کا عالمی ریکارڈ
شارک سے غیرمعمولی محبت رکھنے والی ایک امریکی خاتون نے اپنے جسم پر 106 شارک ٹیٹوز بنوا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کر لیا۔
ریاست مین سے تعلق رکھنے والی ایملی موریسن (جو ایک شارک بایولوجسٹ اور شارک فوسل ڈائیونگ ٹور کمپنی کی مالک ہیں) کو مئی میں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے خواتین کی کیٹگری میں جسم پر سب سے زیادہ شارک ٹیٹوز کا اعزاز دیا گیا۔
ایملی (جو شارک لیڈی ایملی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں) نے بتایا کہ ان کی شارک میں دلچسپی کا آغاز آٹھ سال کی عمر میں فلم’Jaws‘دیکھنے کے بعد خوف سے ہوا۔ بعد ازاں ان کے والد نے انہیں لائبریری سے حقیقی شارکس کے بارے میں تحقیق کرنے کی ترغیب دی، جس کے بعد ان کا خوف محبت میں بدل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بہاماس میں ٹائیگر شارکس اور گریٹ ہیمرہیڈ شارکس کو خوراک کھلا چکی ہیں، آسٹریلیا میں گریٹ وائٹ شارکس کے ساتھ کیج ڈائیونگ کر چکی ہیں، جبکہ میکسیکو کے ساحل پر وہیل شارکس کے ساتھ بھی تیرنے کا تجربہ رکھتی ہیں۔
ایملی موریسن جلد ہی ڈِسکوری چینل کے سالانہ شارک وِیک پروگرام کے خصوصی شو ’مائی اسٹرینچ شارک ایڈکشن‘ میں بھی نظر آئیں گی، جس کی نشریات اتوار سے شروع ہوں گی۔