سعودی عرب کے وفد اور حوثیوں کے ترجمان کی عمان میں ملاقات، کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال
فوٹو: عرب میڈیا
یمن کے حوثیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام اور سعودی عرب کے وفد کی عمان میں ملاقات ہوئی جہاں دونوں فریق کے درمیان جاری کشیدگی کے حل کے لیے تبادلہ خیال ہوا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے حوثیوں کے سیاسی امور کے ترجمان محمد عبدالسلام نے عمان میں سعودی وفد سے ملاقات کی اور حوثی ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد خطے کی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا تھا۔
قبل ازیں ایران کے حمایت یافتہ یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحیرہ عرب میں دو بندرگاہوں میں سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ سعودی عرب نے یمن کے صوبے حدیدہ میں حوثیوں پر حملے کیے تھے۔
ادھر ایران نے سعودی عرب اور حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل نکال لیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بیان میں کہا کہ یمن کے تنازع کے فوری حل کی ضرورت ہے اور خبردار کیا کہ یمن کا سعودی عرب سے جاری تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ مذاکرات کے راستے پر واپسی اور طے شدہ روڈ میپ پر مکمل عمل درآمد ہی یمن کے شہریوں کی مشکلات ختم کرنے خطے میں سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کا واحد حل ہے۔