برلن میں کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے تقریب میں گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، ایک شخص ہلاک، 16 زخمی
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقدہ پرائیڈ ایونٹ اس وقت ہولناک سانحے میں بدل گیا جب ایک گاڑی ہجوم میں گھس گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کے بعد شہر بھر میں مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے مشہور ٹیئرگارٹن پارک کے قریب پیش آیا، جو تاریخی برانڈن برگ گیٹ کے نزدیک واقع ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سفید رنگ کی ایک گاڑی نے متعدد افراد کو ٹکر ماری جس سے کئی افراد شدید زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
برلن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے تاہم تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ حکام واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے واقعے کو ہولناک فعل قرار دیتے ہوئے مکمل اور شفاف تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔
دوسری جانب برلن کے میئر کائی ویگنر نے اسے آزاد اور کھلے معاشرے پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات جرمن معاشرے کی اقدار کو کمزور نہیں کر سکتے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔